فرطِ حیرت میں مبتلا رہا ہوں || کہیں کھوٹا کہیں کھرا رہا ہوں


 

فرطِ حیرت میں مبتلا رہا ہوں

یعنی میں خواب دیکھتا رہا ہوں

 

ایک چہرہ ہے میری آنکھوں میں

جس کو دیوار پر بنا رہا ہوں

 

میں تری چال سب سمجھتا ہوں

ناخدا میں بھی ناخدا رہا ہوں

 

میں نے اندر ہی کر لیا روشن

آسماں کا دیا بجھا رہا ہوں

 

ایسے پیوند ہیں لگے مجھ میں

جیسے مجذوب کی قبا رہا ہوں

 

میں کہیں خاص ہوں کہیں پر عام

کہیں کھوٹا کہیں کھرا رہا ہوں

 

دانش حیات

0 Post a Comment:

Post a Comment